- الإعلانات -

گوگل پکسل ٹو ایکس ایل میں مسائل سامنے آگئے

گوگل نے گزشتہ دنوں اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون پکسل ٹو اور پکسل ٹو ایکس ایل متعارف کرائے جو اب دنیا کے مختلف ممالک میں دستیاب ہیں۔

تاہم اگر آپ گوگل کے اس فون پکسل ٹو ایکس ایل کو خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو فی الحال اسے ترک کردیں، کم از کم اس وقت تک جب تک گوگل اس ڈیوائس کی اسکرین میں آنے والے مسائل کوحل نہیں کرلیتا۔

جی ہاں گوگل کے اس نئے اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون کے ڈسپلے کے معیار کے حوالے سے رپورٹس سامنے آرہی ہیں اور سوشل میڈیا پر پکسل ٹوایکس ایل کی اسکرین کے رنگوں کی خرابی اور اسکرین جلنے کے مسائل سامنے آرہے ہیں۔

گوگل نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ وہ ان مسائل کے حوالے سے تحقیقات کرارہا ہے۔

یہ مسئلہ چھ انچ اسکرین والے پکسل ٹو ایکس ایل میں ہی فی الحال سامنے آیا ہے جبکہ پانچ انچ والے ماڈل میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔

ان دونوں فونزمیں پی او ایل ای ڈی (پی سے مراد پلاسٹک ہے) ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ ایل جی نے گوگل کوفراہم کیا تھا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ بڑے ماڈل کے ڈسپلے کے رنگوں میں یہ مسئلہ سامنے آرہا ہے تو چھوٹے ماڈل میں ایسا کیوں نہیں ہورہا۔

تاہم زیادہ سنگین مسئلہ اسکرین برن ہونے کا ہے جو آپ نیچے تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پکسل ٹو ایکس ایل اسکرین کے لیے جدید ترین پی او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کے لیے سخت کوالٹی ٹیسٹ معیار کو اپنایا گیا، مگر ہم اب آنے والی رپورٹس پر تحقیقات کرا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گوگل پکسل ٹو ایکس ایل کا 64 جی بی ماڈل 849 ڈالرز جبکہ 128 جی بی ماڈل 949 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔