- الإعلانات -

پاکستان میں سپر بلڈ بلیو مون چاند گرہن ختم ہونے کا سلسلہ جاری

کراچی: ڈیڑھ سو سال کی تاریخ میں پہلی بار دنیا بھر میں انوکھا اور یادگار چاند گرہن آج  رونما ہورہا جسے ’سپر بلڈ بلیو مون‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ منظر اب کراچی سمیت پاکستان کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں دکھائی دے رہا ہے۔ 

اس مکمل چاند گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ ایک جانب تو یہ مکمل چاند یعنی ’’بدر‘‘  ہے جسے چودھویں کا چاند بھی کہتے ہیں۔۔ دوم یہ سپرمون بھی ہے یعنی عام حالات کے مقابلے میں یہ 14 فیصد بڑا دکھائی دے رہا ہے اور اس پر چاند کو گرہن لگنے کا منظر ایک دلفریب نظارہ پیش کرے گا۔ اسے بلڈ مون یوں کہا جارہا ہے کہ گرہن لگنے کے دوران اس کی رنگت سرخی مائل دکھائی دے گی۔

اس دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑنے سے اس کی رنگت سرخی مائل دکھائی دے گی۔ ان تمام مظاہر کی بنیاد پر اسے ’’سپر بلیو بلڈ مون‘‘ کا نام دیا گیا ہے تاریخی لحاظ سے 1866ء میں ایسا نظارہ دیکھا گیا تھا۔

اسی بنا پر دنیا بھر کے ماہرِین فلکیات اور دیگر افراد بے تابی سے اس کا انتظار کررہے ہیں۔  یہ چاند گرہن پاکستان سمیت مغربی شمالی امریکا، ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور روس کے علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔

31 جنوری کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق چاند کو اس وقت گرہن لگنا شروع ہوا جب وہ افق پر نمودار بھی نہیں ہوا تھا تاہم کراچی کے افراد اس وقت اسے ضرور دیکھ سکیں گے جب چاند کو گرہن لگ چکا ہوگا۔

کراچی میں آج مطلع صاف ہے اور کراچی یونیورسٹی میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف پلانیٹری سائنس اینڈ ایسٹروفزکس (اسپا) نے اس ضمن میں اپنی دوربین سے سپر مون کے چاند گرہن دکھانے کا انتظام کیا ہے۔ یہ نظارہ دیکھنے کے لیے طلبہ و طالبات اور عام شائقین کی بڑی تعداد انسٹی ٹیوٹ میں موجود ہے۔

کراچی کے شائقین سپربلیومون کے چاند گرہن کو 6 بج کر 29 منٹ سے دیکھ سکیں گے ۔ اگرچہ یہ عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہوگا لیکن اس وقت چاند افق سے نیچے تھا اوراسی بنا پر نظروں سے اوجھل تھا۔  تاہم 6 بج کر 29 منٹ کے بعد چاند مکمل گرہن میں آچکا ہے اور سات بچ کر سات منٹ پر اس کا مکمل گرہن اترنا شروع ہوجائے گا اور یہ عمل 9 بجے ختم ہوجائے گا۔ یوں کئی گھنٹے گرہن کا دورانیہ 9 بجے تک مکمل طور پر ختم ہونے سے چاند اپنی اصل حالت میں نمایاں ہوگا۔

واضح رہے کہ سپربلیومون چاند گرہن آخری مرتبہ 1866  میں دیکھا گیا تھا اور اس لحاظ سے یہ ایک یادگار، تاریخی اور دلفریب منظر ہوگا۔

پورے پاکستان میں کراچی کے وقت کے تھوڑے سے وقفے کے ساتھ سپر بلیومون چاند گرہن کو کئی علاقوں میں دیکھنا ممکن ہوگا۔