- الإعلانات -

سام سنگ گلیکسی ایس نائن کی مزید تصاویر سامنے آگئیں

اگرچہ سام سنگ اپنے فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس نائن اور گلیکسی ایس پلس کو رواں ماہ 25 فروری کو متعارف کرائے گی، تاہم اب اس فون کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔

لیک ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیمرے کے نیچے ہی فنگر پرنٹ سینسر دیا گیا ہے۔

اگرچہ یہ خیال پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ فنگر پرنٹ سینسر کیمرے کے نیچے ہی دیا جائے گا، تاہم اب لیک ہونے والی تصاویر سے اس کی تصدیق ہوتی ہے۔

سام سنگ کے ان فلیگ شپ اسمارٹ فون کے حوالے سے اگرچہ زیادہ تر مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، تاہم یہ تو واضح ہے کہ سام سنگ نے اس ڈیوائس پر زیادہ توجہ کیمرے پر ہی دی ہے۔

گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ اس میں طاقتور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر اور فیس آئی ڈی کی ٹیکنالوجی کا سام سنگ کا اپنا ورژن ہوگا۔

اگرچہ سام سنگ کے ان فلیگ شپ موبائلز کی قیمت کا بھی اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی قیمت ایک ہزار ڈالرز یعنی ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ ایس سیریز کا سب سے مہنگا فون ثابت ہونے والا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس کو ’بلیک، پرپل، گرے اور کورل بلیو‘ کے کلرز میں متعارف کرایا جائے گا۔

سام سنگ کے ان دونوں موبائلز میں آئی فون ایکس کے ٹکر کے فیچر بھی دیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی خبر 25 فروری کو ہی سامنے آئے گی۔