- الإعلانات -

سام سنگ ایس سیریز 7 ویں فون کو 21 فروری کو متعارف کرائے گا

اگر تو آپ سام سنگ کے گلیکسی ایس سیریز 7 ویں فون کے منتظر ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان ہوگیا ہے۔

سام سنگ نے ایک ویڈیو میں اپنے نئے فلیگ شپ فون کو 21 فروری کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے بارسلون میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اپنے فون کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس ایونٹ میں متعدد موبائل فون کمپنیاں اپنے نئے اسمارٹ فونز کو متعارف کراتی ہیں یا ان کی پہلی جھلک پیش کرتی ہیں۔

سام سنگ اپنے نئے اسمارٹ فون کو ہر ممکن طریقے سے کامیاب بنانا چاہتی ہے اور اس حوالے سے انٹرنیٹ پر متعدد افواہیں موجود ہیں۔

گزشتہ دنوں گلیکسی ایس 7 کی پہلی تصویر لیک ہوکر سامنے آئی تھی۔

اس تصویر کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ گلیکسی ایس 7 دو ماڈلز میں متعارف کرایا جائے گا۔

ایک وہی روایتی سپاٹ اسکرین کے ساتھ جبکہ دوسرا ایج اسکرین۔

یہ دونوں دیکھنے میں تو گلیکسی ایس سکس اور گلیکسی ایس سکس ایج جیسے ہی نظر آتے ہیں جو گزشتہ سال فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے۔

تاہم گلیکسی ایس سیون میں سام سنگ نے کافی کچھ اپ گریڈ کیا ہے جیسے واٹر ریزیسٹنس، بہتر کیمرہ، میموری کارڈ سلاٹ اور پہلے سے بڑی بیٹری وغیرہ۔

ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ اس فون میں آئی فون سکس ایس کی طرح کے تھری ڈی ٹچ کو بھی شامل کرسکتا ہے جبکہ لائیو فوٹوز کا فیچر بھی اس کا حصہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس فون میں یو ایس بی ٹائپ کی بجائے مائیکرو یو ایس بی کو استعمال کیا گیا ہے جبکہ وائرلیس چارجنگ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔