ٹوئٹر نے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد اکاؤنٹس معطل کر دیئے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے وسط 2015 سے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد اکاؤنٹس دہشت گردی کی سرگرمیوں کے فروغ یا دھمکی آمیز‘ پیغامات شائع کرنے پر معطل کیے ہیں۔
ٹوئٹر نے اپنے بلاگ پر بتایا ہے کہ معطل کیے گئے اکاؤنٹس ’زیادہ تر دولت اسلامیہ سے متعلق ہیں۔‘
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ’ہم دہشت گردی کے فروغ کے لیے ٹوئٹر کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔‘
اس کا کہنا ہے کہ اس نے شکایات کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیم میں اضافہ کیا ہے تاکہ تیزی سے کام کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کے دنیا بھر میں 50 کروڑ صارفین ہیں۔
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ’ہم نے نتائج دیکھے ہیں، جن میں اکاونٹس کے معطل کیے جانے میں اضافہ اور اس قسم کی سرگرمیوں کو ٹوئٹر سے دور رکھنا شامل ہیں۔‘
اس کا مزید کہنا ہے کہ جب بھی ’مناسب ہوا‘ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔