- الإعلانات -

پسینے سے صحت کا حال بتانے والا آلہ

کیلیفورنیا: ماہرین نے پسینے سے صحت کا حال بتانے والا آلہ تیار کرلیا، اسمارٹ ہیڈ بینڈ اور اسمارٹ رسٹ بینڈ کے ذریعے جسمانی صحت جانی جاسکے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برکلے اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین اور انجینیئرز نے بتایا کہ ان کی بنائی ہوئی ڈیوائس پسینے کا تجزیہ کرکے صحت کا حال بتانے کا کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اسمارٹ ہیڈ بینڈ‘ یا ’اسمارٹ رِسٹ بینڈ‘ کو سر پر یا کلائی پر باندھا جاسکتا ہے، اس ڈیوائس میں لچکدار سینسر اور مائیکرو پروسیسرز لگے ہیں جو جلد کے ساتھ لگ جاتے ہیں، یہ ڈیوائس پسینے میں موجود کیمیائی اجزاء کا تجزیہ کرتی ہے، جس میں سوڈیم، گلوکوز، پوٹاشیم اور لیکٹیٹ وغیرہ کی مقدار معلوم کرنے کے علاوہ جلد کے درجہ حرارت کی پیمائش بھی شامل ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ یہ ڈیوائس پٹھوں کی تھکن، پانی کی کمی یا جسم کے خطرناک حد تک بلند درجہ حرارت کو بھی جانچتی رہتی ہے، اس طرح حاصل ہونے والا تمام تر ڈیٹا فوری طور پر اور مسلسل اسمارٹ فون کی ایک ایپ کو منتقل کیا جاتا ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنسز کے پروفیسر علی جاوی کے مطابق ”انسانی پسینے میں بہت سی اہم معلومات موجود ہوتی ہیں، اس طرح جسم کے اندر داخل نہ کئے جانے والے سینسرز کیلئے یہ بہت اہم جسمانی مائع ہے‘‘