- الإعلانات -

ایشیا کپ ٹی 20،بھارت نے بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دیدی

میرپور : ایشیا کپ ٹی 20 کے پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دیدی، میزبان ٹیم کی ہمت 121 رنز پر جواب دے گئی، روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی 20 کے افتتاحی میچ میں بھارت نے میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی، میزبان کھلاڑیوں کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 15 رنز پر اوپنرز سومیا سرکار 11 اور محمد متھن 1 چلتے بنے، شبیر رحمان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔

امر القیس 14، شکیب الحسن 3، محمود اللہ 7 اور مشرفی مرتضیٰ بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مشفیق الرحیم 16 اور تسکین احمد 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

بھارت کی جانب سے اشیش نہرا 3، جسپریت بومراہ، ہاردک پانڈیا اور ایشون نے ایک ایک شکار کیا۔

بھارتی بیٹسمین روہت شرما کو 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔