- الإعلانات -

پاکستان نےمتحدہ عرب امارات کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

میرپور: پاکستان نے شعیب ملک اور عمر اکمل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بدولت ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کےمیچ میں متحدہ عرب امارات کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میرپور کے شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کے کپتان امجد جاوید نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم پاکستان کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے بے بس نظر آئی اور ابتدائی تین وکٹیں محض 12 رنز پر گر گئیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، محمد عامر اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیمان انور اور عثمان مشتاق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 29 رنز بنا کر اسکور کو 11 ویں اوور میں41 رنز تک پہنچایا جہاں پر عثمان مشتاق 9 رنزبنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔

شیمان نے شاہد آفریدی کو ایک اوور میں مسلسل 3چوکے رسید کرتے ہوئے 17 رنز حاصل کئے اور متحدہ عرب امارات کا اسکور 72 رنز تک پہنچایا اور اگلے اوور میں محمد عرفان کی گیند پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد عثمان اور کپتان امجد جاوید نے شراکت میں 46 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے اسکور کو 118 تک پہنچایا اور عثمان 21 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد نوید اننگز کے آخری اوور میں بیٹنگ کرنے کریز پر آئے اور محمد سمیع کو ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کر کے 5 گیندوں پر10 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ امجد جاوید 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

متحدہ عرب امارات نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور محمد عرفان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بلے بازوں نے ایک دفعہ پھر غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ابتدائی تینوں بلے باز شرجیل خان،محمد حفیظ اور خرم منظور 17 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے مشکلات سے دوچار پاکستان کو ٹیم کو جیت کی راہ پر لے آئے۔

دونوں بلے بازوں 114 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے پاکستان کو 7 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

شعیب ملک 63 اور عمر اکمل 50 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے امجد جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نےکہا کہ ہم گزشتہ میچ کی کارکردگی دہرانانہیں چاہتے اور ہمیں بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان ٹیم میں نئے کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نواز کو وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جو ان کا بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبو میچ تھا۔

یہ میچ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں 100 واں میچ تھا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے کپتان امجد جاوید نے کہا کہ گزشتہ میچوں میں ہم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہے تھے آج پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ ٹیم میں عثمان مشتاق کو شامل کیا گیا۔