- الإعلانات -

پاکستانی ٹیم کی شکست سفارش کھلاڑیوں کے باعث ہوئی”عمران خان "

اسلام آباد :  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے تمام اداروں میں اپنے چہیتوں کو سربراہ بنایا ہوا ہے،پاکستانی ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست سفارش کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے باعث ہوئی، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ ادارہ بنایا جائے اور چیئرمین کو میرٹ پر تعینات کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹیوئٹر پر بیان دیتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست سے کرکٹ شائقین کا غصہ بجا ہے، ملک میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اگر کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک باقاعدہ خودمختار ادارے میں تبدیل کرنا ہو گا اور پی سی بی کے سربراہ کو میرٹ پر تعینات کرنا ہو گا جو کرکٹ کی بہتری کیلئے اچھے اقدامات کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ملک بھر کے تمام اداروں میں اپنے من پسند چہیتے لوگوں کو اداروں کا سربراہ بنا رکھا ہے۔ وزیراعظم سے میرٹ پر چیئرمین پی سی بی کی تقرری کی امید نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کرکٹ ٹیم بھی کامیابی حاصل کر سکتی ہے اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ چند سفارشیوں کو نکال دیا جائے تو ٹیم اور انتظامیہ اچھے نتائج دے سکتی ہے۔