- الإعلانات -

کپتان اور کوچ کو فوری طورپر تبدیل نہیں کیا جارہا”شہریار خان "

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شکست سے سب کو مایوسی ہوئی ہے لیکن کپتان اور کوچ کو فوری طورپر تبدیل نہیں کیا جارہا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کپتان کی تبدیلی سمیت سلیکشن اور کوچنگ معاملات میں تبدیلی پر غور کررہے ہیں۔

‘قومی ٹیم کی ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی پر احتساب ضرور ہوگا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے اور بعد میں کچھ تبدیلیاں ہوں گی’۔

شہریار خان نے کہا کہ وہ شاہد آفریدی کو زبان دے چکے ہیں اور انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک کپتان برقرار رکھا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہوں نے ٹیم کی خراب کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیروں یونس خان اور مصباح الحق کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس سے بھی رائے مانگی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد لوگ سوال کررہے ہیں اور ٹیم کی کارکردگی پر شدید مایوسی ہے، اب اس کو سدھاریں گے اور آگے کی طرف بڑھیں گے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جتنی بہتری اور تبدیلیاں درکار ہیں وہ لے کر آئیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کو ٹی ٹوئنٹی کے لیے کارآمد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سے فائدہ اٹھائیں گے خصوصاً ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بہتر کرنے کے لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں پوری ٹیم کی کارکردگی بہت خراب تھی سوائے چند کے، اب لوگ احتساب کی بات کرتے ہیں جو ہم کریں گے، احتساب ٹیم کی کارکردگی، کوچ، سلیکشن کا نظام، نہ صرف بنگلہ دیش جانے سے پہلے کی بلکہ وہاں پر ٹیم انتظامیہ نے جو انتخاب کیا اور جس کی ذمہ داری بنتی ہے اس کا احتساب کریں گے۔