- الإعلانات -

ICC ورلڈ ٹی 20 کے کوالیفائنگ مرحلے میں آج دو میچ کھیلے جائینگے

دھرم شالہ : آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے کوالیفائنگ مرحلے میں آج دو میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ گروپ اے میں شامل بنگلہ دیش اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ بھی گروپ اے کی ٹیموں آئرلینڈ اور اومان کے درمیان کھیلا جائیگا۔ اس مرحلے میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ‘ گروپ اے میں بنگلہ دیش ‘ نیدر لینڈز‘ آئر لینڈ اور اومان جبکہ گروپ بی میں افغانستان ‘ زمبابوے ‘ سکاٹ لینڈ اور ہاکنگ کانگ شامل ہیں۔ 13مارچ تک جاری رہنے والے اس کوالیفائنگ راﺅنڈ میں ہر ٹیم تین میچ کھیلے گی۔ گروپ اے میں ٹاپ پر رہنے والی ٹیم سپر ٹین میں گروپ ٹو کو جوائن کرے گی جبکہ گروپ بی کی ٹاپ ٹیم گروپ ون میں شامل ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ ٹی ٹونٹی تاریخ کا چھٹا میگا ایونٹ ہے۔ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ ہر دو سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم اس بار اپنے ٹائٹل کا دفاع کررہی ہے جس نے 2014ءکے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 30مارچ کو نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 31مارچ کو ممبئی میں ہوگا جبکہ فائنل 3 اپریل کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 16مارچ کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گی جبکہ 19مارچ کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ ٹاکرا ہوگا۔ قومی ٹیم کی تیسری آزمائش 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگی جبکہ 25 کو آسٹریلیا سے ٹاکرا ہوگا۔