- الإعلانات -

ICC WT20، دفاعی چیمپئن سری لنکن ٹیم بھارت پہنچ گئی

ممبئی: دفاعی چیمپئن سری لنکن کرکٹ ٹیم فاسٹ باﺅلر لاستھ مالنگا کے بغیر ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی۔ سری لنکا کو سپر ٹین میں گروپ ون میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور گروپ بی فاتح کوالیفائر ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے اور وہ 17 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف ٹائٹل دفاع مہم کا آغاز کرے گی۔ بھارت پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم کے نومنتخب کپتان اینجلومیتھیوز نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹائٹل کے دفاع کےلئے سر توڑ کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر ٹیم کی قیادت کیلئے تیار نہیں تھے تاہم بورڈ حکام کی پیشکش کو ٹھکرا نہیں سکا اور ٹیم کیلئے اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صرف ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری قبول کی ہے، بورڈ حکام نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور میں انہیں ٹھیس نہیں پہنچاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی ماضی کا حصہ بن چکی ہے، ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، میں چاہتا ہوں کہ کھلاڑی بغیر کسی دباﺅ میگا ایونٹ میں پرفارم کریں اور ہم ٹائٹل کے دفاع کیلئے ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ مالنگا ٹیم کے ہمراہ بھارت نہیں آئے وہ بحالی کا عمل ملک میں مکمل کریں گے تاہم امید ہے کہ وہ پہلے میچ سے قبل ٹیم جوائن کر لیں گے۔