- الإعلانات -

آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

کیپ ٹاﺅن :  آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی، جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، آملہ نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نے کیریئر بہترین 97 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز کھیلی تاہم وہ 3 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے، جواب میں کینگروز ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا، عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے ٹیم کو 76 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، کپتان سٹیون سمتھ 44 اور شین واٹسن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، آملہ کی 97 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ آملہ میچ اور وارنر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، پروٹیز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، آملہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر بہترین 97 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے، ڈیوڈ ملر 30، کوئنٹن ڈی کوک 25، کپتان ڈوپلیسی 4 اور ریلی روسو 16 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، نیتھن کولٹر نیل نے 2، شین واٹسن اور جیمز فالکنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.2 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا، عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے اوپننگ شراکت میں ٹیم کو 76 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، واٹسن 42 اور خواجہ 33 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد کپتان سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، سمتھ 44 اور وارنر 33 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، میکسویل 19 اور مارش 4 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ عمران طاہر نے 2 اور کاگیسوربادا نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ عمدہ کارکردگی کی بدولت ہاشم آملہ میچ اور وارنر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔