- الإعلانات -

WT20 میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ حکومت کرے گی، PCB

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میںسیکورٹی کی صورتحال اور ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی حکام سے مسلسل رابطہ میں ہے اور امید ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے قومی ٹیم کی بھارت میں سیکورٹی کی یقین دہانی مل جائے گی جس کے بعد سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کو اعتماد میں لے کر اس ضمن میں ان کی ہدایا ت کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ پر واضح کردیا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے بھارت جانے کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی اور اگر حکومت نے ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دی تو ٹیم کو صرف اور صرف کرکٹ پر فوکس کرتے ہوئے بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی کرکٹرز ملک کے ایمبیسڈر ہیں اور انہیں دوران فیلڈ اور آف دی فیلڈ بہترین اخلاق اور پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیونکہ ملک اور عوام کو ان سے بہت زیادہ توقعات ہیں ۔ٹیم مینجر انتخاب عالم نے ٹیم کو بھارت میں سیکورٹی کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرنے اور کھلاڑیوں پر اعتماد کرنے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کھلاڑی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا پول سخت ہے اور اس میں آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور بھارت جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیںلیکن ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بہترین کا رکردگی کامظاہرہ کرے گی ۔