- الإعلانات -

انگلینڈ ویمنز نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کرپاکستان کے خلاف کلین سویپ کردیا

کوالا لمپور: انگلینڈ ویمنز نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیت کرپاکستان کے خلاف کلین سویپ کردیا۔

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم  نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز  تین صفر سے اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم  نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔جواب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بناسکی۔

کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 31 اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان ہیتھر نائٹ اور ایمی جونز  نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں بیٹرز کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ہیتھر نائٹ 43 اور ایمی جونز 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اختتامی اوورز میں فرین ولسن اور ٹیمی بیماؤنٹ کے جارحانہ کھیل کی بدولت مہمان ٹیم  نے مقررہ بیس  اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ  نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

171رن کے تعاقب میں قومی اوپنرز ایک بار پھر متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں اور محض 29 رنز پر دونوں بیٹرز پویلین واپس لوٹ گئیں۔ مڈل آرڈر بیٹر جویریہ خان  نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اس دوران ان کا ساتھ نبھانے کے لیے کوئی دوسری بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکی۔

جویریہ  خان  نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز  نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم وہ بھی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکیں۔ وہ 7 گیندوں پر 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم  نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے سارہ گلین اور شرب سول  نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ پلیئر آف دی میچ اور اوپنر ایمی  جونز پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔ ورلڈکپ سے پہلے یہ پاکستانی ویمنز ٹیم کی آخری سیریز تھی۔