- الإعلانات -

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے،ترجمان پی سی بی

ایشیا کپ 2008ء کے بعد پاکستان میں سب سے بڑے کرکٹ میلے، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020، میں کْل10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی،ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل کی فاتح ٹیم ایونٹ کی ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ امریکی ڈالرکی حقدار ٹھہرے گی۔ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم وصول کرے گی،اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق ایونٹ میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے، ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالر انعامی رقم وصول کرے گا،80 ہزار امریکی ڈالر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈزجیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوں گے۔باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ ایچ بی ایل پی ایس فائیو ایشیا کپ 2008ء کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے، بارہ سال قبل 4 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ایونٹ لاہور اور کراچی میں کھیلا گیا تھا۔ ایشیا کپ 2008ء میں کْل 13 میچز کھیلے گئے تھے، ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 100 رنز سے شکست دی تھی۔اس سے قبل پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 1987ء اور 1996ء کے میچوں کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔ ورلڈکپ 1987ء میں پاکستان نے 7 مختلف مقامات پر 10 میچوں کی میزبانی کی تھی۔ورلڈ کپ 1996ء میں پاکستان نے 6 مختلف مقامات پر 16 میچوں کی میزبانی کی تھی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جو ملک کے 4 مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے 9 میچز کراچی، 14 لاہور، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔میچ 9 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا