- الإعلانات -

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی، تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس (آج) ہوگا

لاہور۔ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹس میں پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور ٹیم کے انتخاب کے طریقہ کارکی تحقیقات کرنے کےلئے پی سی بی چیئرمین شہر یار خان کی طرف سے شکیل شیخ کی سربراہی میںبنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس (آج) منگل کو گیارہ بجے دن قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں جبکہ دیگر اراکین میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، اقبال قاسم، یونس خان اور مصباح الحق شامل ہیں۔ کمیٹی کا اجلاس تین روز تک جاری رہے گا۔ کمیٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی، سلیکشن کے طریقہ کار اور کوچنگ کے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پی سی بی کے چیئرمین کو دے گی۔ کمیٹی ٹیم کی کارکردگی سے متعلقہ کسی بھی شخص کو طلب کرسکے گی۔ ا جلاس میں ٹیم مینجمنٹ کے اراکین ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بارے میں کمیٹی کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔