- الإعلانات -

ٹیم میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت بہت ضروری ہے، عامر نذیر

لاہور ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر عامر نذیر نے کہا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں بہتری لانے کےلئے نیا ٹیلنٹ لانا بہت ضروری ہے اور اس کےلئے کلب کرکٹ کی طرف توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت بہت ضروری ہے۔ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کپتانی سمیت ہر شعبے میں ناکا م ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی رینکنگ میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کو ٹیم سے فارغ کرنے کےلئے نہیں کہتا، اگر کسی کی کارکردگی بہتر ہے تو وہ ٹیم میں رہے اور بری کارکردگی والے کا ٹیم میں کیا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کسی قسم کا کوئی عہدہ نہیں مانگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پوری قوم کی طرح مجھے بھی دلی دکھ ہوا ہے۔ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شکست کے اسباب کا جائزہ لینے والی پی سی بی کی تحقیقاتی کمیٹی پر پورے ملک کی نظر ہے اور کمیٹی کو ایسے فیصلے دینے چاہئیں جس سے کرکٹ کی بہتری ہو اور مستقبل میں ٹیم کی پرفارمنس میں بہتر ی آئے ۔