- الإعلانات -

انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے پر خوشی ہوئی، مارلون سمیولز

کولکتہ ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر مارلون سمیولز نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے پر بے حد خوشی ہوئی، آئندہ مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سخت محنت کروں گا۔ مارلون سمیولز نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ناقابل شکست 85 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ورلڈ کلاس ٹیم ہے اسے ہرانا کبھی بھی آسان نہیں رہا لیکن باﺅلرز نے غیرمعمولی باﺅلنگ اور بلے بازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کی جیت کے کام آئی، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی وہ عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کرینگے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انگلینڈ کو ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں 4 وکٹوں سے شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹی ٹونٹی کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔