- الإعلانات -

اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کیساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش

لاہور: 

سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق نے عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش ظاہر کردی۔

پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچوں میں 900 رنز اور 39 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق آلراؤنڈر اظہر محمود نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے عمران خان کے ہمراہ اپنی ڈریم جوڑی بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 1997 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست سنچری اور دوسری اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اظہر محمود نے عصر حاضر کے  کرکٹرز میں سے بابراعظم کےساتھ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ ماضی کے عظیم آلراؤنڈر کو دیکھ کر ہی تو انہوں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔سابق کرکٹر نے کہا کہ عمران خان ان کے پسندیدہ کرکٹر اور ہیرو تھے اور وہ پی سی بی کے اس بہترین موقع کا فائدہ اٹھا کر ان کے  ہمراہ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔