- الإعلانات -

انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری معرکہ منگل کو ہوگا

مانچسٹر: پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، محمد عامر کی جگہ وہاب ریاض کو نمائندگی مل سکتی ہے۔ بیٹنگ کوچ یونس خان نے شکست کا بدلہ چکانے کی امید دلا دی۔

تفصیل کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھوٹے فارمیٹ کا بڑا مقابلہ منگل کے روز ہوگا۔ ڈے نائٹ میچ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مانچسٹر میں ہی پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے میدان لگے گا۔

دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے پلان بھی فائنل کر لیا گیا ہے۔ میزبان انگلش کھلاڑیوں کی سیریز جیتنے پر نظریں ہیں جبکہ شاہینوں نے بھی کم بیک کا دعویٰ کر دیا ہے۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار محمد عامر کی جگہ لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو نمائندگی مل سکتی ہے۔ کپتان بابر اعظم کے بعد بیٹنگ کوچ یونس خان نے بھی شکست کا بدلہ چکانے کاعزم ظاہر کر دیا ہے۔

ٹیسٹ سیریز کی ہار کے بعد ٹی ٹونٹی کا آخری میچ جیتنا قومی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ دورہ انگلینڈ کو جیت پر ختم کرنے کا خواب پورا ہوگا یا نہیں؟ کرکٹ دیوانوں کی نظریں جم گئی ہیں۔