- الإعلانات -

انگلش ویمن ٹیم کی کپتان شارلوٹی ایڈورڈز کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ایڈورڈز 200 سے زائد انٹرنیشنل میچز میں ٹیم کی قیادت کرنے والی پہلی انگلش پلیئر ہیںانگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان اور مایہ ناز بلے باز شارلوٹی ایڈورڈز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تاہم وہ ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھیں گی۔ ایڈورڈز کو 20 سالہ کیریئر کے دوران ایک عشرے تک ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے، وہ 200 سے زائد انٹرنیشنل میچز میں ٹیم کی قیادت کرنے والی انگلینڈ کی پہلی کرکٹر ہیں۔ ایڈورڈز نے 1996ءمیں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والی کم عمر پلیئر بن گئی تھیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ایڈورڈز نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی اور قیادت میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گی، میں سمجھتی ہوں کہ ٹیم کو اس وقت نوجوان قیادت کی ضرورت ہے اسلئے میں نے جگہ خالی کی ہے۔ ایڈورڈز کی زیر قیادت انگلش ٹیم نے 2009ءورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹائٹلز جیتنے کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف چار ایشز سیریز بھی اپنے نام کیں۔ وہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کو جوائن کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔ انہوں نے 23 ٹیسٹ میچز میں 1676 رنز بنائے جس میں ان کی 4 شاندار سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے 191 ون ڈے میچز میں 5992 رنز بنائے، 9 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں بنائیں، 95 ٹی ٹونٹی میچز میں 2605 رنز بنائے اور بارہ نصف سنچریاں سکور کیں۔