- الإعلانات -

پاکستان سپر لیگ آئندہ برس قطر میں ہو گی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ آئندہ برس قطر کے دارلحکومت دوہا میں منعقد کروائی جائے گی۔ گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ٹی ٹونٹی لیگ کا انعقاد آئندہ برس 4سے 24 فروری کے دوران قطر میں ہو گا جس میں کم و بیش 25 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہو گا کیونکہ بھارتی حکومت کسی کھلاڑی کو غیر ملکی لیگ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  ہم اس ضمن میں 40 سے زائدغیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور ان میں سے کم از کم 25 کو لیگ میں شامل کئے جانے کی امید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں 15 دنیا کے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہوں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ان میں سے چار کھلاڑیوں کا تعلق ویسٹ انڈیز جبکہ دو کا سری لنکا، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے تعلق ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لیگ کی انعامی رقم دس کروڑ پاکستانی روپے رکھی گئی ہے۔