- الإعلانات -

روہت شرما نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹریننگ کا آغاز کر دیا

نئی دہلی: بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی فٹنس تربیت کا آغاز کر دیا ۔ روہت شرما آسٹریلیا کے دورے پر موجود بھارتی محدود اوورز کے سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں اور فائنل کے علاوہ ممبئی انڈینز کے لئے دو آئی پی ایل میچز کھیلنے کے بعد سلیکٹرز نے انہیں نظرثانی شدہ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا ہے ۔

اگرچہ روہت شرما نے کہا کہ وہ بالکل فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں ، لیکن اس کے باوجود بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی )نے محسوس کیا کہ روہت شرما کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل )کے دوران ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہونے کے لئے مزید وقت درکار ہے ۔ روہت شرما نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے فائنل میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔

روہت شرما کی فٹنس بھارتی ٹیم کے لئے اوربھی زیادہ اہم ہوگئی ہے کیونکہ آسٹریلیا میں پہلے ٹیسٹ کے بعد باقاعدہ کپتان ویرات کوہلی وطن واپس لوٹ آئیں گے اور وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی اہلیہ انوشکا شرما امید سے ہیں ۔ سینئر فاسٹ بائولر ایشانت شرما بھی این سی اے میں اپنی انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مصروف ہیں ۔وہ چیف سلیکٹر سنیل جوشی اور این سی اے کے سربراہ راہول ڈریوڈ کی نگرانی میں مکمل تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔

ایشانت شرما اور روہت شرما دونوں ٹیم میں شامل ہونے سے قبل ایک ساتھ آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گے اور 14 دن کے قرنطینہ میں گذاریں گے۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دورے کا باضابطہ آغاز 27نومبر کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ سے کرے گی۔