- الإعلانات -

ویرات کوہلی 12 سال بعد کیلنڈر ایئر میں ون ڈے سنچری سکور کرنے میں ناکام

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی 12 سال بعد ون ڈے کلینڈر ایئر میں سنچری بنانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر نے 1994ء سے 2012ء تک لگاتار 19 سال کیلنڈر ایئر میں سنچری سکور کرنے کا عالمی ریکارڈ بنا رکھا ہے۔

بدھ کو کینبرا میں ویرات کوہلی نے 63 رنز سکور کیے جو اس سال ان کی آخری ون ڈے اننگز تھی ، 2020ء میں کوہلی نے 9 ون ڈے میچز کھیلے لیکن ایک بھی سنچری نہ سکور کرسکے، یہ سال کوہلی کے لیے ڈیبیو سال جیسا رہا جب 2008ء میں انہوں نے 5 میچز کھیلے تھے لیکن کوئی سنچری سکور نہیں کرسکے، 12 سال بعد ان کے کیریئر میں دوبارہ یہ موقع آیا ہے جب وہ سال میں کوئی سنچری سکور نہیں کرسکے۔

ویرات کوہلی اب تک 43 ون ڈے سنچریاں بنا چکے ہیں اور سچن ٹنڈولکر کے عالمی ریکارڈ (49) سے صرف 6 سینکڑے دور ہیں۔ 32 سالہ بیٹسمین نے 5 سال بعد ایک کیلنڈر ایئر میں 50 سے کم کی اوسط سے رنز بنائے ہیں، انہوں نے 2015ء میں 20 میچز کھیل کر 36.64 کی اوسط سے 623 رنز سکور کیے تھے جب کہ رواں سال انہوں نے 9 میچز میں 47.88 کی اوسط سے 431 رنز بنائے جن میں 5 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ وہ رواں سال زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں ۔