- الإعلانات -

پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کے حوالے سے کھلاڑیوں سے فیڈ بیک مانگ لیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان اور کوچ سمیت مینجمنٹ سے فیڈ بیک مانگ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں سے فیڈ بیک لے کر بورڈ کو بتائیں گے اور پھر چیئرمین پی سی بی احسان مانی فیڈ بیک کی روشنی میں دوسرے عہدیداروں سے مشاورت کریں گے,ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ اور کپتان کھلاڑیوں سے بات کر کے ان کی ذہنی کیفیت کے مطابق فیڈ بیک دیں گے، اور پھر فیڈ بیک اور مشاورت کی روشنی میں دورہ نیوزی لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں ہیڈکوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے رابطہ کیا اور دونوں سے نیوزی لینڈ حکومت کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر بات کی۔وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میری آج کی صورتحال پر نیوزی لینڈ میں بات چیت ہوئی، مصباح اور بابر سے بات ہوئی، ان کی ہمت بڑھائی، ٹیم بلند حوصلوں میں ہیں، ٹیم بقیہ چار دن گزار کر کرکٹ پر فوکس کرنے کے لیے تیار ہے۔پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ہم منصب سے بھی بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے بورڈ حکام سے رابطے میں موجودہ صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔