- الإعلانات -

پاک انگلینڈ ایجبیسٹن ون ڈے کے لیے شائقین کی ریکارڈ ڈیمانڈ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال ایجبسٹن میں ہونے والے ون ڈے میچ کیلئے ٹکٹوں کی ریکارڈ درخواستیں وصول ہوئیں۔ 13 جولائی 2020ء کو عالمی چیمپئن انگلینڈ تین روزہ ون ڈے سیریز کے آخری مقابلے میں ایجبیسٹن کے میدان پر پاکستان کے خلاف ان ایکشن ہوگا تاہم اس تاریخ میں تبدیلی کا بھی امکان ہے ۔

وار وشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے ایک بیان میں کہا کہ ٹکٹ بیلٹ کے توسط سے 60 ہزار شائقین نے مقابلے میں دلچسپی ظاہر کی اور ٹکٹوں کے حصول کیلئے یہ درخواستیں ایجبسٹن میں اب تک کھیلے جانے والے کسی بھی میچ سے زیادہ ہیں۔ کلب کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ کے ہونے کے بعد کلب کو اگلے سال کے ون ڈے میں ریکارڈ بیلٹ اینٹریز موصول ہوئی ہیں جو 2019ء ایشز سمیت کسی بھی اہم مقابلے سے زیادہ ہیں ،درخواست دہندگان میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بیان میں مزید انکشاف کیا گیا کہ واروکشائر ممبروں اور ٹکٹ خریداروں کو ترجیحی بنیادوں پر اس میچ کے لئے پہلے ہی 60 فیصد سے زیادہ ٹکٹ فروخت کردیئے گئے ہیں۔ بیلٹ 11 دسمبر کو شام 5 بجے بند ہوگا اور خوش قسمت فاتحین کو اگلے ہفتے سے میچ ٹکٹس کی خریداری کے حوالے سے رابطہ کیا جائے گا۔