- الإعلانات -

بنگلہ دیشی کھلاڑی باونسر لگنے سے شدید زخمی،

بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرکٹر سہروردی شووو کو ڈومیسٹک میچ میں سر پر گیند لگنے کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک لیگ میں سہروردی نے فاسٹ باؤلر تسکین احمد کی گیند کو ڈک کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے اور سر پر گیند لگنے سے زمین پر ڈھیر ہو گئے جس سے گراؤنڈ میں کھڑے کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

27 سالہ کرکٹر کو فوراً تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد فراہم کی گئیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق سہروردی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کی حالت بہتر ہے لیکن پھر بھی اگلے 24 گھنٹے تک ان کی حالت کا معائنہ کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے فزیشن منیرالامین نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ بنیادی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سہروردی کے دماغ میں کوئی اندرونی چوٹ نہیں لگی لیکن پھر بھی احتیاطاً مزید ایک اور دن ان کا معائنہ کیا جائے گا۔

یہ واقعہ ڈھاکا پریمیئر لیگ میں وکٹوریہ اسپورٹس کلب اور اباہانی لمیٹیڈ کے درمیان میرپور میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران پیش آیا۔

جس وقت وکٹوریا کے سہروردی کو گیند لگی، وہ 21 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کے سابق کپتان سہروردی شووو 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں جس میں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ وہ ورلڈ کپ 2011 سمیت 17 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں بھی بنگلہ دیش کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔