- الإعلانات -

کراچی کنگز کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے 13 ویں میچ میں دلوں کے سلطان اور سیزن فائیو کی فاتح کراچی گنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا میلہ کراچی میں جاری و ساری ہے، آج ایونٹ کا 13واں میچ دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جارہا ہے، جہاں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی کنگز نے آج کے میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، محمد الیاس، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں ہیں، کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام کیڈمور کوہلر، حیدر علی، روی بوپارا، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، ثاقب محمود، محمد عرفان اور محمد عمران شامل ہیں۔

پی ایس ایل سیزن سکس میں اب تک تمام ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔

اب تک کھیلے گئے چار میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملتان سلطان نے چار میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے، کراچی کنگز نے اپنے چار میچز میں سے دو میں فتح سمیٹی جبکہ پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اس نے اپنے چار میں سے تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔