- الإعلانات -

پاکستان سے شکست ، انگلش میڈیا اپنی ٹیم پر برس پڑا

لندن  : انگلش پریس کے مطابق انگلینڈ الیون میں حکمت عملی کا فقدان تھا ، بلے بازوں کا غیر ذمہ دارنہ رویہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کا سبب بنا . لارڈز ٹیسٹ کی ناکامی پر انگلش میڈیا اپنی ٹیم پر ہی برس پڑا ، کک الیون کی بیٹنگ لائن کو کمزور قرار دے دیا ، سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے موجودہ قائد ایلسٹر کک اور جو روٹ کی بیٹنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔

مصباح الحق کی شاندار پرفارمنس کے بعد انگلش میڈیا بھی ان کا مداح بن گیا ۔ لارڈز ٹیسٹ کی فتح پر جہاں انگلش میڈیا نے پاکستان ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھے ، وہیں انگلینڈ ٹیم پر انگلش میڈیا نے تنقید کے خوب نشتر چلائے ۔انگلش پریس نے ٹیم کی ناکامی کو ناقص بیٹنگ کا شاخسانہ قرار دے دیا ۔

انگلش پریس کے مطابق انگلینڈ الیون میں حکمت عملی کا فقدان تھا ۔ پاکستانی باؤلروں کے سامنے انگلش بیٹنگ لائن بے بس دکھائی دی ۔ بلے بازوں کا غیر ذمہ دارنہ رویہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کا سبب بنا اور بیٹسمینوں کی یہ روش سیریز میں مشکلات کو بڑھا سکتی ہے ۔

سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے اپنے کالم میں کپتان ایلسٹر کک اور جو روٹ کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا ۔ بائیکاٹ کے مطابق دونوں سینئرز بلے باز جونیئرز کیلئے رول ماڈل نہ بن سکے ۔ سابق انگلش کپتان جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ میزبان ٹیم یاسر شاہ کی لیگ سپن کو بالکل سمجھ نہ پائی ۔