- الإعلانات -

ٹیسٹ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بدھ سے کراچی میں شروع ہوگا

لاہور: ٹیسٹ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بدھ سے کراچی میں شروع ہوگا۔

• بائیو سیکیور پروٹوکولز کے باعث کیمپ کی تصاویر پی سی بی فراہم کرے گا۔

لاہور، 5 جولائی 2021ء:
دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل ٹیسٹ کرکٹرز7 جولائی سے کراچی میں ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ یہ دس روزہ کیمپ بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا ۔

کیمپ مکمل کرنے کے بعد یہ تمام کھلاڑی 21 جولائی کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں آئسولیشن کریں گے۔ قومی ٹیم26 جولائی کو بارباڈوس روانہ ہوگی۔

تربیتی کیمپ کی نگرانی ہیڈآف پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق کریں گے۔اس دوران نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے دیگر کوچز محمدیوسف ،مشتاق احمد ،عمر رشید اور عتیق الزمان بھی ان کی معاونت کریں گے۔ فزیوتھراپسٹ امتیاز احمد، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ صبوراحمداورمساجر عمران سلطان بھی کیمپ میں شرکت کریں گے۔

اس کیمپ میں گیارہ ٹیسٹ کھلاڑیوں عابد علی، اظہر علی، فواد عالم،عمران بٹ،محمد عباس، نسیم شاہ،نعمان علی،ساجد خان،شاہنواز دھانی،یاسر شاہ اور زاہد محمود کے علاوہ چھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ان چھ کھلاڑیوں میں عاکف جاوید، عرفان اللہ شاہ،میر حمزہ،محمد حسن، محمد عمر اور سیف اللہ بنگش شامل ہیں۔

کیمپ میں طلب کردہ 25 کھلاڑیوں، کوچز سمیت اور کیمپ میں شامل دیگر پانچ ارکان کی اتوار کے روز کویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی، جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔ یہ تیس ارکان اب منگل کو کراچی میں اکھٹےہوں گے جہاں ان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔