- الإعلانات -

ڈبلن: آئرلینڈ کے خلاف شرجیل خان کی برق رفتار سنچری

ڈبلن: آئرلینڈ کے خلاف 2 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں شرجیل خان کی برق رفتار سنچری کی بدولت پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان 155 رنز بنالئے۔

آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا جس کے بعد امپائرز نے میچ 47 اوورز تک محدود کردیا۔ آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے اظہرعلی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور کپتان اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان جارح انداز سے کھیلتے رہے لیکن کپتان اظہرعلی 17 کے مجموعی اسکور پر ایک رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت پر محمد حفیظ اور شرجیل خان نے 90 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 107 تک پہنچا تو محمد حفیظ 37 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شرجیل خان نے بابراعظم کے ساتھ مل کر گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے اور60 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ شرجیل خان نے اپنی سنچری میں 5 چھکے اور 11 چوکے لگائے اور اب بھی کریز پر موجود ہیں۔ آئرلینڈ کی جانب سے پیٹر چیس اور بیری میک کارتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں کپتان اظہرعلی، شرجیل خان، محمد حفیظ، سرفرازاحمد، شعیب ملک، بابراعظم، عماد وسیم ، محمد نواز،عمرگل اور محمد عامر شامل ہیں جب کہ حسن علی پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں ڈیبیو کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے طویل ترین دورے پر ہے جب کہ انگلینڈ کے خلاف 24 اگست سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 2 ایک روزہ میچز پر مشتمل مختصر سیریز رکھی گئی ہے۔