- الإعلانات -

حنیف محمد کے نام سے اسٹیڈیم منسوب کیا جائے گا، شہریارخان

کراچی:  پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ حنیف محمد اپنے دور کے عظیم کرکٹر تھے، ان جیسے کھلاڑیوں مدتوں میں پیدا ہوتے ہیں، پاکستان کو ان پر فخر ہے، سابق ٹیسٹ کپتان کی خدمات کے اعتراف میں کسی اسٹیڈیم کو ان سے منسوب کیا جائے گا، یا پھر ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کوئی دوسرا قدم اٹھائیں گے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار حنیف محمد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں شہریار خان اور ان کی اہلیہ نے حنیف محمد کی اہلیہ اور صاحبزادوں سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد، شاویز محمد سے لٹل ماسٹر کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی، اس موقع پر حنیف محمد کے بڑے بھائی رئیس محمد، سابق ٹیسٹ کرکٹر صلاح الدین صلو ودیگر بھی موجود تھے، بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ حنیف محمد کی کرکٹ کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، وہ پاکستان کرکٹ کا بہت بڑا ستون تھے، انھوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت تاریخ ساز اننگز کھیل کر نہ صرف عظمت کی بلندیوں کو چھوا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشناس کیا۔

دنیائے کرکٹ میں ان کا نام ہمیشہ سنہری حرفوں سے لکھا جائے گا، انھوں نے کہا کہ میرے دل میں حنیف محمد کا بڑا مقام ہے، وہ عزم اور اعتماد کا نشان تھے، نئی نسل کے کھلاڑیوں کو ان کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہیے، شہر یار خان نے کہا کہ محمد برادران کی پاکستان کرکٹ کیلیے بے تحاشا خدمات ہیں، امید ہے کہ حنیف محمد کی خواہش کے مطابق بیٹے کے بعد ان کا پوتا بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ حنیف محمد کو ہم کبھی بھی بھلا نہیں پائیں گے، اگر پاک بھارت سیریز کا انعقاد ممکن ہوا تو اسے حنیف محمد سے منسوب بھی کیا جاسکتا ہے۔