- الإعلانات -

پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ: بارش کی وجہ میچ میں تاخیر

پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین دوسرا ون ڈے میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ ڈبلن میں اس وقت بارش رک چکی ہے اور امپائر کچھ دیر بعد میدان کا پھر جائزہ لیں گے۔

اگر میچ شروع بھی ہوگیا تو اسے پچیس اوروں یا اس سے کم اوروں تک محدود کرنا پڑے گا۔

بارش رکنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں ڈبلن کے میدان میں پریکٹس کر رہے ہیں۔

ڈبلن میں کھیلے جانے والے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 255 رنز سے شکست دے دی تھی۔

آئرلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے میچ بھی بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تھا اور اسے 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کےبعد پاکستان نے انگلینڈ کے ساتھ پانچ ون ڈے میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کے اوپنر شرجیل نے شاندار سنچری سکور کی تھی۔ عمر گل اور عماد وسیم کی تباہ کن بولنگ کے سبب آئرلینڈ کی ساری ٹیم 23.4 اوورز میں 82 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پہلے میچ میں پاکستان نے نوجوان میڈیم فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

پاکستان نے پچھلے میچ میں اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، محمد حفیظ، بابر اعظم، شیعب ملک، سرفراز احمد، محمد عامر، حسن علی، عمر گل، عماد وسیم، اور حسن نواز کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ اس میچ کچھ تبدیلیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔

عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کے سر پر ون ڈے طرز کی کرکٹ میں عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے سنہ 2017 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹک رہی ہے۔

آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان اس وقت سات پوائنٹس کا فرق ہے اور پاکستان کو اپنی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے نہ صرف آئرلینڈ کو ان دو میچوں میں ہرانا ہوگا بلکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز بھی واضح فرق سے جیتنی ہوگی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی گذشتہ ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان اگلے تینوں میچ ہار گیا تھا۔