- الإعلانات -

مصباح الحق کو مزید کرکٹ کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں، ناصر حسین

لندن: انگلیڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کا پاکستانی کرکٹ کے لئے کردار بہت اہم ہے اور انھیں مزید کرکٹ کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں۔

اپنے ایک انٹرویو میں ناصر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جس حالات میں کرکٹ کھیلی اس میں مصباح الحق کا اہم کردار رہا ہے، مصباح الحق کا اپنی ٹیم پر ایک خاموش اثر و رسوخ ہے اور ان کی کپتانی کا انداز بھی شاندار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں صرف کرکٹ کھیلنے اور جیتنے کے لئے نہیں آئی تھی بلکہ انھیں 2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد لوگوں کے دل بھی جیتنے تھے، جس طرح مصباح الحق نے سینچری کے بعد پش اپس لگائے مجھے بہت اچھا لگا اور پاکستانی ٹیم کی فتح کے بعد یونس خان کی قیادت میں گرین کیپس کا جشن بھی دیدنی تھا۔

ناصرحسین کا کہنا تھا کہ میں نے مصباح الحق سے اوول میں بات کی اور انھیں کہا کہ ابھی آپ کی کرکٹ باقی ہے، اگر بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹیسٹ ڈرا ہو جاتا ہے اور پاکستان ٹیسٹ میں پہلے نمبر پر آ جاتا ہے تو میرے خیال میں مصباح کے پاس ریٹائر ہونے کا یہ بہترین وقت ہوگا کہ انھوں نے بطور کپتان اپنا آخری ٹیسٹ بھی جیتا اور ٹیم کو نمبر ون بنایا لیکن میری خواہش ہے کہ وہ مزید کرکٹ کھیلیں۔

سابق برطانوی قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی  ٹیسٹ سیریز کو سب نے بہت پسند کیا کیونکہ یہ ایک دوستانہ سیریز نہیں بلکہ سخت مقابلے والی سیریز تھی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بیٹنگ میں بڑی حد تک مصباح الحق اور یونس خان پر انحصار کرتی ہے، مصباح الحق نے لارڈز ٹیسٹ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی اور ٹیم جیت گئی، اسی طرح اوول ٹیسٹ میں یونس خان نے ڈبل سنچری اسکور کی اور ٹیم نے کامیابی حاصل کی، اگر پاکستانی بلے باز اچھا اسکور کر لیں تو موجودہ بولنگ اٹیک کے ساتھ گرین کیپس میچ پر حاوی رہتے ہیں۔