- الإعلانات -

ہم اتنا برا نہیں کھیلے- کرکٹ ٹیم کپتان اظہر علی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ناٹنگم میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم اتنا برا نہیں کھیلے۔‘

انھوں نے کہا ’ٹیم اتنا برا نہیں کھیلی تاہم اگلے میچ کے لیے ٹیم کو جلد سے جلد کھیل میں بہتری لانی ہوگی۔‘

 

اظہر علی نے کہا ’میں پھر کہہ رہا ہوں کے ہم اتنا برا نہیں کھیلے۔‘

پاکستانی کپتان نے اگلے میچ میں فیلڈنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فیلڈنگ صرف ایک میچ یا ایک دن اچھی نہیں ہوسکتی بلکہ اسے ہر میچ میں اچھا ہونا چاہیے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان منگل کو نوٹنگم میں کھیلے جانے والے میچ میں پچ بیٹسمینوں کے لیے سازگار رہی تاہم پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ میں کوتاہیوں کا انگلش بیٹسمینوں نے پوری طرح فائدہ اٹھایا۔

پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا ’ٹیم پریشر لے کر اپنے حوصلے پست نہیں کرے گی اور آگے بڑھنے کی کوشش کرے گی اور موجودہ حالات میں ہم یہی کرسکتے ہیں۔‘

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو اب تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

یاد رہے کہ لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے جب کہ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت انگلینڈ نے پاکستان کو 44 رنز سے ہرایا تھا۔