- الإعلانات -

دورۂ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ سری لنکا کے ساتھ کھیلے جانے والی دوٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

آخری ٹیسٹ سیریز اسکواڈ میں شامل زاہد محمود اور ساجد خان باہر ہو گئے ہیں، جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ، محمد نواز اور سلمان علی آغا شامل کر لیے گئے ہیں۔ یاسر شاہ ، جو زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے باہر تھے، ایک لمبے عرصے بعد ٹیسٹ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق اسکواڈ متوازن رکھا گیا ہے، اس میں 3 اسپنرز، 4 مڈل آرڈر بلے بازوں، 3 آل راؤنڈرز، 2 وکٹ کیپرز، 2 سپنرز اور 4 فاسٹ باؤلرز ہیں۔

اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، سلمان علی آغاز، سعود شکیل، شان مسعود، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، فہیم اشرف، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ موجود ہیں۔

واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو مقابلے گال اور کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی گال میں، جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہو گا، جبکہ پاکستانی ٹیم 6 جولائی کو سری لنکا روانہ ہو گی۔