- الإعلانات -

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن واپس

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کی مہربانی سے پاکستان کو چوتھی پوزیشن واپس مل گئی، جبکہ کینگروز تاحال نمبر ایک پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے ’گال‘ ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد آئی سی سی چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، اور پاکستان چوتھے نمبر پر واپس آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم اب بھی اپنے بقیہ 7 میں سے 5 مقابلے جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی اگلی سیریز رواں ماہ سری لنکا میں ہے جہاں دونوں مقابلوں میں کمزور میزبان ٹیم پر ہاتھ صاف کرنے کا سنہری موقع میسر ہے، جس کے بعد پاکستان کو اپنے میدانوں پر انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے ہیں، جبکہ ہوم سیریز میں 2 مقابلے نیوزی لینڈ سے بھی ہوں گے۔

موجودہ درجہ بندی کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، بھارت تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے، جبکہ سری لنکا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔