- الإعلانات -

سینیئر بیٹسمین یونس خان صحت یاب نہ ہونے کے باعث میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین یونس خان مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ یونس خان نے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے سبب پہلے ٹیسٹ میچ سے دستبرداری کے بارے میں چیف سلیکٹر انضمام الحق کو مطلع کردیا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 13 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جو پاکستان کی تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ہفتے کے روز متوقع ہے۔

38 سالہ یونس خان گذشتہ دنوں تیز بخار کے سبب کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔ چند روز ہسپتال میں زیرِعلاج رہنے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ہلکی پھلکی ٹریننگ شروع کردی تھی لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مزید آرام کی ہدایت کی ہے۔

یونس خان نے 108 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ انھیں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رنز کی تکمیل کے لیے صرف 544 رنز درکار ہیں۔