- الإعلانات -

یاسر شاہ اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی پاکستان 131 رنز سے کامیاب

ہرارے: پاکستان نے یاسر شاہ اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ایک روزہ میچ میں 131 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ہرارے میں کھیلے جا رہے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔پاکستان نے میچ میں نوجوان عامر یامین کو ڈیبیو کراتے ہوئے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے جبکہ زمبابوے نے برائن چاری کو ڈیبیو کرایا ہے.پاکستانی ٹیم صرف 35 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہو کر شدید مشکلات سے دوچار تھی، اظہر علی 11، احمد شہزاد 12 اور محمد حفیظ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔اس موقع پر سرفراز احمد اور شعیب ملک نے ذمے دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلئے 65 رنز جوڑ کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 100 کے مجموعے پر شعیب ملک کی اننگ تمام ہوئی، وہ 31 رنز بنا کر جان نیمبو کی وکٹ بنے۔سرفراز نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر اسکور کو 128 تک پہنچایا ہی تھا کہ ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ گریم کریمر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 44 رنز بنائے۔

128 رنز پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی لیکن رضوان نے عماد وسیم کے ساتھ 124 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ایک قابل قدر مجموعے تک پاکستانی کی رسائی ممکن بنائی۔عماد وسیم اننگ ختم ہونے سے ایک گیند قبل 61 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان نے اننگ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کا اسکور 259 تک پہنچا دیا، محمد رضوان 75 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان نے یاسر شاہ اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ایک روزہ میچ میں 131 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔جواب میں زمبابوے نے اننگ کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 23 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے اسپنرز کا شکار بنتے رہے اور کوئی بھی کھلاڑی جم کر پاکستانی باؤلرز خصوصاً یاسر شاہ کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔شان ولیمز 26 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ ایلٹن چگمبرا نے 22، سکندر رضا 19 اور پہلا میچ کھیلنے والے برائن بے چاری 16 رنز بنا سکے۔زمبابوے کی پوری ٹیم 37 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس تباہی کے ذمے دار یاسر شاہ تھے جنہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں شعیب ملک کے نام رہیں۔یاسر کو چھ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔سیریز کا دوسرا میچ ہفتہ کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر چکا ہے.