- الإعلانات -

شاہد آفریدی اپنے آخری ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے کراچی سے لاہور منتقل.

کراچی:پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی اگلے سال ہندوستان میں اپنے آخری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کیلئے کراچی سے لاہور منتقل ہونے جا رہےہیں۔35 سالہ آفریدی کا تعلق پاکستان کے قبائلی علاقے سے ہے لیکن انہوں نے اپنی پوری زندگی کراچی میں گزاری۔تاہم ، اب وہ اگلے ہفتے اہل خانہ کے ساتھ لاہور منتقل ہو رہے ہیں تاکہ وہاں موجود نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی سہولیات سے مکمل استفاد ہ کر سکیں۔آفریدی نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ چیمپئن شپ جیتنے کی کوششوں میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دیں گے۔آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال 11 مارچ سے 3 اپریل تک کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے کے بعداپنا عالمی کیریئر ختم کر دیں گے۔یاد رہے کہ دنیا بھر میں اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے مشہور آفریدی 2010 میں ٹیسٹ جبکہ رواں سال ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر آباد کہہ چکے ہیں۔آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے منگل کو زمبابوے کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز اپنے نام کی۔ ان کی کپتانی میں پاکستان آخری چھ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت چکا ہے۔زمبابوے کے خلاف دو میچوں میں صرف چار رنز اور ایک وکٹ حاصل کرنے والے آفریدی کہتے ہیں کہ انہیں اپنی فارم کے بارے میں تشویش نہیں۔’ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے میں نے کئی میچ کھیلنا ہیں‘۔موجودہ ٹیم سے مطمئن اور خوش آفریدی کا کہنا ہے ’ہم نے کچھ نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جنہوں نے اپنا ٹیلنٹ بھی ثابت کیا لہذا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے میرے ذہن میں موجود کامبینیشن تیار ہو رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم اچھے نتائج دیں گے‘۔