- الإعلانات -

شین واٹسن بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے

لاہور: نامور آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن بھی پاکستان کی پہلی لیگ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے ہیں جس کے ساتھ ہی وہ لیگ کا حصہ بننے والے 152ویں غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔پاکستان سپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات میں ہو گا جس میں کرس گیل، کیرون پولارڈ، کیون پیٹرسن سمیت دنیا کے بڑے بڑے ٹی ٹوئنٹی اسٹارز جلوہ گر ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چار ہزار سے زائد رنز بنانے والے واٹسن نے ڈرافٹ کے عمل کا حصہ بننے کیلئے پی ایس ایل سے معاہدہ کر لیا ہے۔، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل رواں سال دسمبر میں شروع ہو گا جس میں دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی شرکت کریں گے۔شین واٹسن نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پی ایس ایل کے افتتاحی ایڈیشن میں شرکت کیلئے بہت پرجوش ہوں، یہاں بڑی تعداد میں ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہوں گے لہٰذا میں اس کا حصہ بننے کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتا۔پی ایس ایل کے گورننگ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم پی ایس ایل میں واٹسن کی شمولیت پر بہت خوش ہیں اور ان کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے مجھے امید ہے کہ وہ یقیناً ڈرافٹ کے عمل میں سب سے زیادہ مطلوب کھلاڑی ہوں گے۔شین واٹسن کی جانب سے لیگ میں شمولیت کی حامی بھرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد 152 ہو گئی ہے۔ یہ کھلاڑی آئی سی سی کے آٹھ فل ممبرز اور پانچ ایسوسی ایٹ ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔اب تک کرس گیل، کیون پیٹرسن، کیرون پولارڈ، سمیول بدری، ڈیرن سیمی، سنیل نارائن، اینجلو میتھیوز، تلکارتنے دلشان، لاستھ ملنگا، آئن بیل، ڈیوین براوو، جیمز اینڈرسن، لیوک رائٹ، روی بوپارہ، شان ٹیٹ، بریڈ ہیڈن، تھسارا پریرا، عادل راشد، کرس جورڈن، تمیم اقبال، شکیب الحسن، ڈیوین اسمتھ اور جیسی رائیڈر سمیت متعدد کھلاڑی شامل ہیں۔