- الإعلانات -

پی سی بی کی پاک بھارت سیریز کی امیدیں اب بھی ختم نہیں ہوئیں.

ابو ظبی: پاکستان کو بھارت سے سیریز کے سہانے خواب اب تک دکھائی دینا بند نہ ہوئے، بورڈ نے یو اے ای میں دسمبر کی مجوزہ سیریز کیلیے ہوٹلز تک بک کرا لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دسمبر میں پاک بھارت سیریز کا ویسے تو کوئی امکان نہیں لگتا مگر پی سی بی کی امیدیں اب بھی ختم نہیں ہوئیں، ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں آئی سی سی میٹنگز کے دوران بی سی سی آئی سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے مثبت اشارے دیے ہیں، ایک موقع پر جب باہمی سیریز پر بات ہو رہی تھی تو انھوں نے خود کہا کہ ہم پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ زیادہ میچز کھیلنا چاہتے ہیں، سب کے سامنے ان کے ایسے مثبت ریمارکس سے اچھا پیغام گیا۔ پی سی بی کی توقعات اب بھی کم نہیں ہوئیں، ہوٹلز کی بکنگ کرانے کے ساتھ یو اے ای حکام کو گراؤنڈز و دیگرانتظامات مکمل رکھنے کا کہا ہے، امارات بورڈ کے ڈیوڈ ایسٹ نے پاکستانی حکام کو یقین دلایا ہے کہ کم نوٹس پر بھی میچز ہو جائیں گے،اس وقت ارادہ 2ٹیسٹ،3 ون ڈے اور3 ٹوئنٹی 20 کرانے کا ہے، انوراگ نے ملاقات میں کہا کہ ہم کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، جلد حکومت سے بات کریں گے، البتہ ٹرائنگولر سیریز کے حوالے سے فی الحال کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انوراگ اپنے ملک میں کوئی اور رویہ اختیار رکھتے ہیں، ملاقات کے موقع پر الگ شخصیت بن جاتے ہیں، ان کی باتوں میں آ کر پی سی بی کو سیریز کا انعقاد یقینی سمجھ لینے کا کوئی فائدہ نہ ہو گا۔