- الإعلانات -

آئندہ ایک ہفتے میں بھارت کی جانب سے سیریز کے حوالے سے جواب آجائے گا. شہریار خان

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہاہے آئندہ ایک ہفتے میں بھارت کی جانب سے سیریز کے حوالے سے جواب آجائے گا اور اگر جواب مثبت ہوا تو خوش آمدید ورنہ دوسرے آپشنز پر غور کریں گے ۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ کے درمیان تعلقات ا چھے ہونے چاہیے ، ہمیں بھارت کی جانب سے کرکٹ سریز کے بارے میں جلد جواب مل جائے گا ۔ شہریار خان نے کہا کہ وہ بھارت جانے کیلئے ذہنی طور پر تیارہیں اور آئندہ ہفتے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر سے ملاقات بھی کریں گے ، شہریار خان کے مطابق آئی سی سی کو بھی بتادیا کہ سریز کے حوالے سے بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا ہے اور آئی سی سی جائلز کلارک نومبر میں پاکستان آ رہے ہیں ۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ہمیشہ گرین لائٹ رہی ہے ، پاکستان کے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں جبکہ رکاوٹ بھارت کی جانے سے اور فیصلہ بھی بھارت کو ہی کرناہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس سیریز کے نہ ہونے پر بھی پاکستان کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیں گے اور انہوں نے زمبابوے ، جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے سینیر یا جونیر ٹیمیں بھیجنے کا کہا ہے تاہم انہیں امید ہے کہ بھارت کی جانب سے 8 سے 10روز میں ضرور جواب آ جائے گا اور اگر بھارت کا فیصلہ مثبت ہوتاہے تو خوش آمدید ورنہ دیگر آپشن پر غور کیا جائے گا ۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو ٹیلی فون کیا اور انتہائی اچھے ماحول میں بات چیت ہو ئی ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اعلانیہ کہا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ بحال ہونی چاہیے ۔