- الإعلانات -

آل رائونڈر عبدالرزاق کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عبدالرزاق نے آخری مرتبہ2013 میں پاکستان کی ٹی20 میچ میں نمائندگی کی تھی، جبکہ انہوں نے آخری ون ڈے میچ 2011 میں کھیلا تھا۔ جنوری 2015 کے بعد سے 37سالہ آل راؤنڈر نے کسی بھی ڈومیسٹک میچ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

وہ ٹیم میں شاہد آفریدی کی طرح میچ ونر کے طور پر جانے جاتے تھے ، جہاں ان کا جارحانہ بیٹنگ کا انداز پاکستان کو کئی کامیابیوں سے ہمکنار کرواچکا تھا، تو وہیں ان کی بولنگ بھی حریف بیٹسمینوں کی وکٹیں حاصل کرنے میں کبھی پیچھے نہ رہی۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور بولنگ کرنے والے عبد الرزاق نے ہمیشہ ٹیم میں رہتے ہوئے عمدہ پرفارمنس دینے کی کوشش کی۔ ان کی یادگار اننگز جنوبی افریقہ کیخلاف ایک روزہ میچ نظر آئی، جہاں انہوں نے ٹیم کو ایک ایسے میچ میں فتح سے ہمکنار کروایا، جو ٹیم تقریباً ہار چکے تھے۔

اس میچ میں قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی اور شکست کے دہانے پر پہنچ چکی تھی۔ اس وقت عبد الرزاق نے 72گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اس دھواں دھار اننگز میں 10چھکے اور 7چوکے شامل تھے۔

یہ میچ 31 اکتوبر 2010کو ابوظہبی میں کھیلا گیا تھا اور پاکستان نے اس میچ میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔