- الإعلانات -

پاکستان کو جونیئر ہاکی کو ورلڈکپ کھیلنےکاپروانہ مل گیا

اسلام آباد:جونیئر ہاکی ٹیم نے ایشیاکپ کے کوارٹر فائنل میں چین پر 4-1 سے غلبہ پا کر مسلسل چوتھی کامیابی کو گلے لگایا، فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ہفتے کو جنوبی کوریا کا چیلنج درپیش ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سینئرورلڈ کپ اور اولمپکس گیمز کھیلنے سے محرومی کے بعد پاکستان کو ایشیا کپ کے ذریعے عالمی جونیئر کپ میں رسائی کا چیلنج درپیش تھا، ملائیشیا میں جاری ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس نے آغاز ہی شاندار فتح کے ساتھ کیا، پھر اگلے دونوں میچز جیت کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی، بعدازاں اس کا جمعرات کو کوارٹر فائنل میں چین سے سامنا ہوا،میچ میں فاتح پلیئرز نے قدرتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے روایتی ایشین اسٹائل اپنایا، پھر حریف ٹیم کو برتری حاصل کرنے کے باوجود 4-1 سے آوٹ کلاس کردیا۔دونوں ٹیموں نے میچ کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیا، ابتدائی 15 منٹ میں کوئی بھی بھرپور انداز میں حملہ نہ کرسکا، چین نے 17 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا جس پر لیو مینگ نے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ خسارے میں جانے والے گرین شرٹس نے مقابلے میں واپسی کی کوششیں شروع کردیں،26 ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر کو کار امد بناتے ہوئے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا، صرف ایک منٹ بعد شان ارشاد نے شاندار فیلڈ گول کی بدولت پاکستان کو برتری دلا دی۔پہلے ہاف کا اسی اسکور پر اختتام ہوا۔ وقفے کے بعد پاکستانی پلیئرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور فارورڈز کے تال میل کی بدولت حریف دفاعی کھلاڑیوں کو مسلسل دبا میں رکھا، شان ارشاد کو ایک بار پھر گول کرنے کا موقع ملا، وہ اس بار بھی سرخرو رہے اور ٹیم کو3-1 کی برتری دلا دی،کھیل ختم ہونے سے3 منٹ قبل نائب کپتان محمد دلبر نے فیلڈ گول کی بدولت مقابلہ 4-1 کردیا، اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا اور گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں رسائی کے ساتھ آئندہ برس بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں رسائی کا پروانہ بھی مل گیا۔ٹیم سیمی فائنل میں ہفتے کو جنوبی کوریا سے مقابلہ کرے گی، جس نے کوارٹر فائنل میں انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ اٹس پر میزبان ملائیشیا کو 4-1 سے شکست دی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 3-3 سے برابر جبکہ پہلے ہاف میں ملائیشیا کو 2-0 کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں بھارت نے نو اموز اومان کو 9-0 سے زیر کر لیا، ہرمن پریت سنگھ نے ہیٹ ٹرک کی۔ سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم جاپان کا مقابلہ کرے گی جس نے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو 3-0 سے مات دی، شوٹا یامادا نے2گول داغے۔