- الإعلانات -

بھارت نے یو اے ای میں نہ کھیلنےکی نرالی وجہ بیان کردی

ممبئی:بھارتی بورڈ یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کے انوکھے جواز تراشنے لگا، بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کہتے ہیں کہ باہمی سیریز وہاں کھیلنی چاہیے جہاں دونوں بورڈز خود کو آرام دہ‘ محسوس کریں۔تفصیلات کے مطابق بھارت نے بگ تھری کی حمایت حاصل کرنے کیلیے پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت سائن کی تھی، جس میں اس نے دسمبر میں یو اے ای میں مکمل سیریز کھیلنے کی یقین دہانی کرائی تھی، اس سے قبل بی سی سی آئی نیوٹرل وینیوز پر باہمی سیریز کھیلنے کے مخالف تھا۔اب بھارتی بورڈ نے معاہدے سے منحرف ہوتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کو اپنے ملک مدعو کرلیا اور اب یہ باتیں سامنے آرہی ہیں کہ نیوٹرل وینیوز پر کھیلنا اس کی پالیسی نہیں۔گذشتہ روز بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سے رپورٹرز نے سوال کیا کہ جب انڈین پریمیئر لیگ یو اے ای میں ہوسکتی ہے تو پھروہاں پاکستان کے ساتھ کھیلنے میں کیا قباحت ہے، جس پر تھوڑی دیر تو وہ خاموش رہے اور پھر نرالی وجہ بھی بیان کردی۔ وہ کہتے ہیں کہ باہمی سیریز وہاں ہونی چاہیے جہاں پر شریک بورڈز کو خود کو آرام دہ محسوس کریں۔انھوں نے کہا کہ آئی سی سی اور ایشین کونسل اپنے ایونٹس کیلیے وینیوز کا انتخاب اپنی مرضی سے کرسکتے ہیںلیکن جب بات باہمی سیریز کی ہو تو پھر یہ دونوں شریک بورڈز پر منحصر ہوتا ہے کہ جہاں وہ خود کو آرام دہ محسوس کریں وہیں کھیلیں۔ انوراگ نے مزید کہا کہ چند روز میں پاکستان کے ساتھ دسمبر کی سیریز کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔