- الإعلانات -

ہندوستان کے خلاف جیت کیلئے جنون کام آتاہے،اظہر علی

لاہور: پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے اگر پاک-انڈیا کرکٹ سیریز ہوئی تو روایتی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم سخت حریف ہونے کی رویت کو برقرار رکھے گی۔لاہور میں ویٹرنز کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کو شکست انجریز کے باعث ہوئی اور کچھ کھلاڑی فارم میں بھی نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کو مضبوط بننے میں تھوڑا وقت لگے گا جبکہ جیت کے لیے بیٹنگ اور مشکل وقت میں نپی تلی باو¿لنگ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اظہر علی نے کہا کہ ٹیم نےانگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھا نہیں کھیلا مگر ہندوستان کے خلاف جیت سے زیادہ جنون کام کرتا ہے، پاک-انڈیا کرکٹ سیریزہمیشہ سے ہی سنسنی خیز رہی ہے اگر سیریز ہوئی تو شائقین کرکٹ کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں اچھی کارکردگی دیکھائے گی اور ٹیم کسی صورت ترنوالہ ثابت نہیں ہوگی اورسخت حریف ہونے کی روایت کو برقرار رکھے گی۔اظہر علی نے کہا کہ اگر ٹی ٹونٹی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا تو کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کو تیار ہوں۔واضح رہے اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ون ڈے ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 1-3 سے شکست ہوئی تھی جبکہ شاہد آفریدی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم بھی کو ئی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔پاکستان اورہندوستان کے کرکٹ بورڈ کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے معاہدے کے تحت ہندوستان کی ٹیم کو رواں ماہ دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونا تھی لیکن ہندوستان کی جانب سے بار بار انکار کے بعد گزشتہ ماہ انگلینڈ کے جائلز کلارک کی ثالثی میں سری لنکا کو میزبانی کے لیے چنا گیا تھا تاہم ابھی تک سیریز کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا.