- الإعلانات -

تین انگلش کھلاڑیوں کی مکمل پی ایس ایل کھیلنے سے معذرت

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مختلف ٹیموں میں شامل تین غیر معروف انگلش کھلاڑیوں نے مکمل ٹورنامنٹ کھیلنے سے معذرت کر لی۔اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل سیم بلنگز، پشاور زلمی کے کرس جارڈن اور کراچی کنگز کے جیمز وینس جنوبی افریقی لیگ سے معاہدے کی بناء پر پاکستان سپر لیگ کا پورا ایڈیشن نہیں کھیلیں گے۔پی ایس ایل چار سے تئیس فروری تک دبئی اور شارجہ میں شیڈول ہے اور جنوبی افریقی لیگ 21 فروری سے شروع ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں انگلش کھلاڑیوں نے پی ایس ایل حکام کو اپنے فیصلے سے مطلع کر دیا ہے۔عہدے دار کے مطابق، تینوں کھلاڑی 17 یا 18 فروری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل حکام نے گزشتہ ہفتے لیگ کیلئے پانچ ٹیمیں منتخب کی تھیں اور اب انہوں نے تمام منتخب کھلاڑیوں کو دستخط کیلئے معاہدے بھجوانے شروع کر دیےمعاہدوں سے دستخط ہونے کے بعد معلوم ہو جائے گا کہ کتنے غیر ملکی کھلاڑی پورا ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں گے۔سپر لیگ پہلے ہی انڈین پریمئر لیگ کے مقابلے میں کم پرکشش ہونے کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بڑے ناموں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔آسٹریلیا کےشین واٹسن، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور روی بوپارا کچھ بڑے ستارے ہیں جو پی ایس ایل میں جگمگائیں گے۔اسی طرح ویسٹ انڈیز کے کچھ بڑے نام کرس گیل، ڈوائن براوو، آندرے رسل، سیموئیل بدری اور ڈیرن سیمی بھی پی ایس ایل میں نظر آئیں گے۔سری لنکا سے کمار سنگاکارا اور تلکا رتنے دلشان بھی منتخب ہو ئے ہیں لیکن ابھی تک ان کی دستیابی حتمی نہیں۔