- الإعلانات -

شان ٹیٹ پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے

آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ نے پشاور زلمے کی طرف سے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کامعاہدہ کیا ہے۔

32 سالہ شان ٹیٹ انگلینڈ کے کرس جورڈن کی جگہ لیں گے جو انگلینڈ کی طرف سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں مصروف ہونے کے سبب پی ایس ایل میں نہیں کھیل پائیں گے۔
شان ٹیٹ نے بگ بیش لیگ میں ہوبارٹ کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے آٹھ میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس کارکردگی کے بعد انھیں بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا ہے ۔
شان ٹیٹ کی آسٹریلوی ٹیم میں واپسی پانچ سال بعد عمل میں آئی ہے ۔وہ آخری بار 2011 کا عالمی کپ کھیلے تھے۔
سلیکٹروں کا خیال ہے کہ بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی کی صورت میں شان ٹیٹ کو بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

شان ٹیٹ تین ٹیسٹ، 35 ون ڈے اور 19 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں اور دنیا کے تیز ترین بولرز میں شمار کیے جاتے رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ چار فروری سے شارجہ اور دبئی میں شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔